پاکستان نیوی کا جہاز سیف اپنی جاری غیر ملکی تعیناتی کے دوران مالے کی بندرگاہ پر پہنچ گیا بندرگاہ پر پہنچنے پر جہاز کا مالدیپ کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران مشین کمانڈر نے مالدیپ کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے ہائی کمیشن کا بھی دورہ کیا۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، بحری تعلقات اور سمندری سلامتی کے تعاون پر تباد لہ خیال کیا گیا جہاز کے قیام کے دوران، مالدیپ کے سرکاری حکام، مختلف ممالک کے سفراء، اور سفارتی برادری کے اراکین نے پی این ایس سیف کا دورہ کیا۔
بندرگاہ سے روانگی کے بعد، پی این ایس سیف نے مالدیپ کوسٹ گارڈ کے جہازوں کے ساتھ ایک مشترکہ مشق بھی کی۔پاکستان نیوی کے جہازوں کے مالدیپ کے باقاعدہ دورے دونوں ممالک کے قریبی دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیں گے۔
پاکستان نیوی کی جانب سے ایسے بین الاقوامی دورے اور مشقیں خطے میں سمندری سلامتی، امن اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
اس موقع پر پاکستان نیوی کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نیوی ہمیشہ امن، دوستی اور تعاون پر مبنی اقدامات کی حامی رہی ہے اور بحرِ ہند کے خطے میں نیویگیشن کی آزادی، قزاقی کے خاتمے، انسانی ہمدردی کی کارروائیوں اور آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس کی کمان رائل نیوزی لینڈ نیوی کو سونپ دی
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عالمی سطح پر پہچان اور خطے میں مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ پی این ایس سیف کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دے گا بلکہ علاقائی سطح پر مشترکہ سیکیورٹی اقدامات کو بھی تقویت فراہم کرے گا۔