وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی شاندار تقریب میں شریک ہوئے۔ باکو میں منعقدہ اس پرجوش تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، سفارت کاروں اور فوجی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا جسے شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ پاکستانی طیاروں نے فضا میں مختلف فارمیشنز بنا کر دونوں ممالک کی دوستی اور عسکری تعاون کی علامت کو اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں پاکستانی طیاروں کی زبردست پریڈ
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر آذربائیجان اور ترکیہ کا شکرگزار ہوں۔
باکو میں آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی خصوصی دعوت پر شریک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں یوم فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان نے ہمیشہ دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، پاکستان،ترکیہ اور آذربائیجان کے لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تقریب میں شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے، معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کی حامل تھی، پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ نے ہمیشہ اپنی دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے امن معاہدے میں صدر ٹرمپ اور غزہ امن معاہدے میں تمام ممالک کی ذمہ داری کو سراہا اور صدر اردوان کی ترکی کو ترقی یافتہ ملک بنانے کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا خطاب
آذربائیجان کے یوم فتح پر خصوصی تقریب اور پریڈ کا بھی انعقاد کیا گیا، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا، اس کو فراموش نہیں کیا جائے گا، اپنے بھائی شہبازشریف کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، میرے بھائی رجب طیب اردوان بھی تقریب میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک کے دستے بھی یوم فتح کی تقریب میں شریک ہوئے ہیں، شہباز شریف نے آذربائیجان سے جس طرح یکجہتی کا اظہار کیا، اس پر شکر گزار ہوں، تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج یوم فتح پر میں اپنی قوم کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب کی مبارکباد
اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ ایک خاندان کی مانند ہیں، الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان نے کامیابیاں حاصل کیں، ہمیں اتحاد اور یکجہتی سے آگے بڑھتے رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے بہادر سپوتوں نے اپنی سرزمین کا دفاع کیا، ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترکیہ۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے کہا کہ یوم فتح پر آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم فتح پر آذربائیجان کی تقریب میں5ویں بار شرکت پرخوش ہے۔
🚨🚨وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آذربائیجان کی یوم فتح کی تقریب میں خصوصی شرکت۔۔۔ pic.twitter.com/op9B0TPlir
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) November 8, 2025

