تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کب سے ہونگی؟ حکومت کا اہم اعلان

تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کب سے ہونگی؟ حکومت کا اہم اعلان

پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت طلبہ کو 23 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک چھٹیاں دی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق، موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے 13 جنوری 2026 سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ یہ شیڈول صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا تاکہ تمام ادارے ایک ہی نظامِ تعطیلات پر عمل کر سکیں۔

ذرائع کے مطابق، حکومت نے یہ فیصلہ موسمی حالات اور سموگ کی شدت کے پیشِ نظر کیا ہے۔ اس سے قبل اسکولوں کے اوقاتِ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی تاکہ طلبہ کو بڑھتی ہوئی سموگ کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل ایجنسی برائے ماحولیاتی تحفظ (ای پی اے) ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے تصدیق کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام سرکاری و نجی اسکول صبح 8:45 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے۔ یہ نیا شیڈول 31 جنوری 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق، اسکول کے اوقات میں تبدیلی کا مقصد صبح کے وقت ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور سموگ کی شدت میں کمی لانا ہے، تاکہ گاڑیوں سے خارج ہونے والے آلودگی کے ذرات میں کمی واقع ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: یکم نومبر کو چھٹی کا اعلان، شہریوں کو ایک ساتھ دو چھٹیاں مل گئیں

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں اسکولوں پر ایک ہزار سے دس لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات اور اوقاتِ کار میں تبدیلی سے متعلق جاری کردہ احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *