بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اعلان سامنے آیا ہے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے اعلان کیا ہے کہ اب روزگار کے لیے ملک سے باہر جانے والے افراد کے لیے پاک سافٹ اسکلز ایپ پر رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
یہ نیا ضابطہ انسانی اسمگلنگ اور دیگر مسائل کے سدِباب کے لیے نافذ کیا جا رہا ہے رجسٹریشن کے بغیر کسی بھی پاکستانی کو پاسپورٹ پر پروٹیکٹر جاری نہیں کیا جائے گا۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق پاک سافٹ اسکلز ایپ پر رجسٹریشن مفت ہے اور بیرون ملک روزگار کے خواہشمند افراد اپنی تمام ضروری معلومات فراہم کریں گےاس میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ نمبر، تعلیمی قابلیت اور جس ملک یا کمپنی میں ملازمت کا ارادہ رکھتے ہیں اس کی تفصیلات شامل ہوں گی یہ عمل وزارت کے لیے ضروری ہے تاکہ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی معلومات مکمل اور درست ہوں اور انسانی اسمگلنگ کے خطرات کم ہوں۔
یہ شرط 19 نومبر سے نافذ العمل ہوگی۔ اس تاریخ کے بعد بغیر پاک سافٹ اسکلز کے سرٹیفکیٹ کے کوئی بھی پروٹیکٹر جاری نہیں کیا جائے گا وزارت اوورسیز پاکستانیز کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف انسانی اسمگلنگ میں کمی آئے گی بلکہ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کے حقوق اور تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گاوزارت کا مقصد یہ ہے کہ ہر پاکستانی جو بیرون ملک کام کے لیے جا رہا ہے وہ محفوظ اور قانونی طور پر جا سکے۔
رجسٹریشن کے عمل سے وزارت کو ایک مرکزی ڈیٹا بیس ملے گا جس کے ذریعے وہ ملازمین کی معلومات کی تصدیق کر سکے گی اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے گا۔ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کریں تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہ ہو۔