امریکہ۔ایران امن معاہدے کے بعد پاکستان میں پٹرول کتنا سستا ہونے جا رہا ہے؟

امریکہ۔ایران امن معاہدے کے بعد پاکستان میں پٹرول کتنا سستا ہونے جا رہا ہے؟

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جہاں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، وہیں پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی تیاریاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے تناسب سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ تاہم پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ورکنگ نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے خواہاں ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ ہونے کے بعد ورکنگ مکمل کرکے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔ متوقع کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے ہوگا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے لاگو فارمولا کے تحت کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران معاہدے کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں بڑا اضافہ ، ایک دن میں 25 ارب کے ریال فروخت

واضح رہے کہ ایران جنگ شروع ہونے سے قبل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تقریباً 73 ڈالر فی بیرل تھی، جو جنگ کے دوران بڑھ کر 126 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ تاہم منگل کے روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔

امریکی خام تیل 79 ڈالر فی بیرل تک کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 81 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آ چکی ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر اتفاق کی خبریں سامنے آنے کے بعد عوامی حلقوں کی جانب سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جمعے کے روز ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط متوقع ہیں اور اسی روز پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے ایران، امریکہ مذاکرات کے نئے دور کا جمعے سے آغاز ہوگا، عباس عراقچی

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث اس بات کا قوی امکان ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 100 روپے یا ڈیڑھ سو روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔

ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ

اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ اور کمی کی گئی۔

6 مارچ 2026 کو حکومت نے عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت تقریباً 321 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 335 روپے فی لیٹر ہو گئی۔

3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 184 روپے اضافے کے بعد 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔

بعد ازاں حکومت نے عوامی ردعمل اور عالمی قیمتوں میں جزوی کمی کے تناظر میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد قیمت تقریباً 378 روپے فی لیٹر پر آ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ خاتمے کے بعد پاکستان معاشی تخمینوں میں بہتری لا سکتا ہے ، وزیرخزانہ

10 اپریل کو وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی، جس کے بعد پیٹرول 366 روپے اور ڈیزل 385 روپے فی لیٹر ہو گیا۔

17 اپریل کو ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 353 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی۔

18 اپریل کو لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے 04 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 299 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی، جبکہ جیٹ فیول 23 روپے 59 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 471 روپے 01 پیسہ فی لیٹر پر آ گیا۔

24 اپریل کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔

30 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کر کے اسے 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 19 روپے 39 پیسے اضافے کے بعد 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

9 مئی کو ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتیں 414 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئیں۔

16 مئی کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5، 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جبکہ 22 مئی کو پیٹرول 6 روپے اور ڈیزل 6 روپے 80 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا۔

29 مئی کو عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی، جس کے بعد پیٹرول 381 روپے 78 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے اقتصادی سروے میں حیران کن انکشاف

5 جون کو پیٹرول کی قیمت میں مزید 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی۔ اس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی۔

12 جون کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی، جس کے بعد پیٹرول 373 روپے 78 پیسے اور ڈیزل 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دیا گیا۔

حکومتی اور پیٹرولیم ذرائع کے مطابق اب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومتی منظوری اور مقررہ فارمولے کے تحت کیا جائے گا۔

Related Articles