قومی کرکٹر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

قومی کرکٹر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

لوئر دیر: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے لوئر دیر میں واقع آبائی گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گھر کا مرکزی دروازہ، کھڑکیاں اور حجرے میں کھڑی گاڑی جزوی طور پر متاثر ہوئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق واقعہ پیر کے روز تھانہ جندول معیار کی حدود میں پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے نسیم شاہ کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ نسیم شاہ کے والد نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا ذاتی تنازع نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت نسیم شاہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن اور مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

حکام کے مطابق واقعہ کی نوعیت اور ممکنہ محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس واقعے نے ملک میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔ متعلقہ ادارے اس امر کا جائزہ لے رہے ہیں کہ قومی کھلاڑیوں کے گرد سیکیورٹی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے یا نہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *