آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے وانا میں کیڈٹ کالج پر خوارج کے خود کش حملے کی کوشش کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
حملہ آوروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرائی لیکن پاک فوج کی فوری کارروائی سے دہشتگرد منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
دو دہشتگرد ہلاک کردئیےگئے کالج کے دروازے اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، مگر طلباء اور عملے کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وانا میں دہشتگردوں نے تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی حملہ آور افغان طالبان کے زیر اثر تھے اور افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز سے ہدایات لے رہے تھے۔یہ خوارج کالج کی سیکورٹی کو عبور کرنے میں ناکام رہے تاہم ان کے باقی ساتھیوں کو کلیئرنس آپریشن کے ذریعے ختم کرنے کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشتگردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے اور انسداد دہشتگردی کی مہم پوری شدت سے جاری ہے۔
دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے اس دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی اورسیکوٹری فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
سیکورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتا ہے انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سیکورٹی فورز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں اور ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم رہیں۔