اسلام آباد کچہری دھماکہ ’ویک اَپ کال‘ ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد کچہری دھماکہ ’ویک اَپ کال‘ ہے، خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت حالتِ جنگ میں ہے اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاک فوج صرف افغان سرحدی علاقوں یا بلوچستان کے دور دراز حصوں میں یہ جنگ لڑ رہی ہے، تو آج اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں ہونے والا خودکش حملہ اس کے لیے ‘ویک اَپ کال’ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:طالبان سے دوبارہ بات چیت ہوسکتی ہے، ہم اپنے دوستوں کو انکار نہیں کرسکتے، خواجہ آصف

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں وزیرِ دفاع نے لکھا کہ ’یہ جنگ صرف فوج کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے۔ پاک فوج روزانہ قربانیاں دے رہی ہے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔‘

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ملک کے تمام شہریوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک علاقے یا ادارے کی نہیں، بلکہ قومی بقا کی جنگ ہے۔ ‘یہ وقت اتحاد، نظم اور یکجہتی کا ہے، دشمن کی چالوں کو سمجھنا اور انہیں ناکام بنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔’

انہوں نے کابل حکومت کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کیا اور کہا کہ ’اس ماحول میں کابل حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات سے زیادہ امید رکھنا عبث ہوگا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی عبوری حکومت کے پاس پاکستان میں دہشت گردی روکنے کی صلاحیت ہے، مگر اس کے باوجود اسلام آباد جیسے محفوظ شہر میں حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ‘اسلام آباد تک اس جنگ کو لانا کابل سے ایک پیغام ہے‘۔

وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے اس پیغام کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ’الحمدللہ، پاک فوج اور قوم میں وہ قوت، عزم اور حوصلہ موجود ہے جو دشمن کو ہر محاذ پر شکست دے سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں پر مسلسل قربانیاں دے رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ‘یہ جنگ لمبی ضرور ہے مگر انجام ان شاءاللہ پاکستان کی کامیابی ہوگا۔’

مزید پڑھیں:افغان طالبان کو دہلی سے کنٹرول کیا جارہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ضلعی کچہری کے قریب خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ حملہ آور نے چیکنگ کے دوران اندر داخل نہ ہو سکنے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گرد حملے کے بعد آپریشن تاحال جاری ہے۔

وزیرِ دفاع کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی نئی لہر نے تشویش پیدا کر دی ہے، اور ریاستی ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *