پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
پی ٹی آئی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر انضباطی کارروائی کی گئی، جس کے تحت ان کی رکنیت فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔
فردوس شمیم نقوی نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نشست خالی کرنے کے حوالے سے اطلاع بھی دے دی جائے گی۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں انہیں اپنی اپیل کرنے کے لیے اگلے 72 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی نظم و ضبط اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔
اس سے قبل سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کے برعکس 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اس کے بعد اپنی سینیٹ کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ میں آج سینیٹ کی رکینت سے استعفیٰ دے رہا ہوں ، مجھے آپ ڈی نوٹی فائی کر دیں۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف پاکستان کو ایک عظیم فتح حاصل ہوئی ہے پوری دنیا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عزت دی ہے ۔ اس لیے میں نے اپنا ووٹ پاک فوج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ دیا ہے ۔