اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نمبر 10/25 کے تحت انسداد دہشتگردی ایکٹ کے مختلف سیکشنز میں درج کیا گیا، مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات بھی درج ہیں، مقدمے میں دھماکے کے باعث پیدا ہونے والے خوف و ہراس اور گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حالیہ دہشت گردی واقعات پر افغانستان میں کارروائی کرسکتے ہیں، خواجہ آصف

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد کو فرانزک ٹیموں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دھماکے میں جاں بحق تمام افراد کی میتیں ورثا کے سپرد

اسلام آباد کچہری دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں ورثاء کے سپرد کردی گئیں، میتیں پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کو دی گئی ہیں۔

ذرائع پمز کے مطابق اسلام آباد کچہری دھماکے کے 13 زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 36 زخمیوں کو پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔

پمز انتظامیہ نے وکیل زبیر اسلم گھمن کی میت بھی ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:وانا کیڈٹ کالج حملہ، اسلام آباد خود کش دھماکہ، شواہد مل گئے ہیں، محسن نقوی

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان و بھارتی پراکسی نے اسلام آباد کو نشانہ بنایا تھا، عدالت کے باہر پولیس گاڑی پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 36 زخمی ہوئے تھے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور فوری علاج کی ہدایت کی تھی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *