لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی کے میٹرز کے بعد اب دیگر اہم میٹریل کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث نئے کنکشنز کے اجراء اور مرمت کے کام بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ کمپنی کے پاس 50 اور 100 کے وی اے ٹرانسفارمرز کا اسٹاک مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
لیسکو حکام نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئے ڈیمانڈ نوٹسز کے تحت پرانے یا مرمت شدہ ٹرانسفارمرز استعمال کریں تاکہ بجلی کی فراہمی میں تعطل نہ آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی موجودہ حالات میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم میٹریل کی کمی کے باعث کئی منصوبے عارضی طور پر سست روی کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق، صورتحال صرف ٹرانسفارمرز تک محدود نہیں بلکہ ڈی فیوز سیٹ کا اسٹاک بھی ختم ہوچکا ہے، جس سے لائن لاسز کم کرنے، خراب کنکشنز کی بحالی اور فالٹس درست کرنے کے کاموں میں دشواری پیش آ رہی ہے، لیسکو نے گزشتہ تین ماہ سے سنگل فیز میٹرز کے ڈیمانڈ نوٹسز کے باوجود میٹرز فراہم نہیں کیے، جس سے صارفین کو نئے کنکشن حاصل کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔
لیسکو انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ درآمدی رکاوٹوں، زرمبادلہ کے مسائل اور خریداری کے عمل میں تاخیر کے باعث میٹریل کی فراہمی متاثر ہوئی ہے تاہم کمپنی نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں اسٹاک کی بحالی کے لیے اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق ضروری سامان کی فراہمی کے بعد نہ صرف نئے کنکشنز کی فراہمی معمول پر آجائے گی بلکہ مرمتی کاموں کی رفتار بھی تیز کر دی جائے گی۔