وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کی پریکٹس دیکھی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے۔
محسن نقوی کے ہمراہ سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر اسٹیڈیم میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ پوری جانفشانی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
محسن نقوی نے اس موقع پر پریکٹس کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے پاکستان آنے اور دورہ جاری رکھنے پر ان کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سری لنکن کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کی سکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا پاکستان میں موجود رہنا امن کی جیت اور دہشت گردی کی شکست ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیغام ہے اور “پورا پاکستان آپ کی محبت اور خلوص کا مقروض رہے گا۔”
بعد ازاں چیئرمین محسن نقوی نے پاکستانی کرکٹرز سے بھی ملاقات کی اور ان کی تیاریوں کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دی ہیں، لیکن پاکستان کو وہ اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے پنڈی اسٹیڈیم میں میچ سے قبل بھرپور پریکٹس کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ کل کھیلا جائے گا۔