متحدہ عرب امارات نے قومی دن کی خوشیاں منانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
اس اعلان کے بعد ملک بھر میں کام کرنے والے لاکھوں ملازمین کو ایک خوشگوار بریک ملنے جا رہی ہے ، وزارتِ انسانی وسائل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 2 اور 3 دسمبر، یعنی منگل اور بدھ کے روز قومی دن کی مناسبت سے عام تعطیل ہوگی۔
چونکہ متحدہ عرب امارات میں ہفتہ وار چھٹیاں ہفتہ اور اتوار کو ہوتی ہیں، اس لیے یہ اعلان ملازمین کے لیے خوشخبری کی شکل اختیار کر گیا ہے، قومی دن کی دو چھٹیوں کے ساتھ مجموعی طور پر پانچ دنوں میں انہیں چار روزہ طویل وقفہ میسر آئے گا، جو آرام، سفری منصوبوں یا خاندانی سرگرمیوں کے لیے ایک بہترین موقع ثابت ہوگا۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ سہولت صرف نجی شعبے کے ملازمین تک محدود نہیں بلکہ سرکاری اداروں میں کام کرنے والے افراد بھی اس سے یکساں فائدہ اٹھائیں گے۔
متحدہ عرب امارات ہر سال 2 دسمبر کو اپنا قومی دن انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ مناتا ہے۔ یہ دن دراصل 1971 کی اس تاریخی گھڑی کی یاد دلاتا ہے جب سات ریاستوں ابوظبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ نے باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ ایک نئے ملک کی بنیاد رکھی، اس اتحاد نے نہ صرف خطے میں ایک نئی ریاست کو جنم دیا بلکہ ترقی، استحکام اور خوشحالی کا وہ دروازہ بھی کھولا جس کی مثال آج دنیا بھر میں دی جاتی ہے۔
قومی دن کے موقع پر پورے ملک میں خصوصی تقاریب، آتش بازی کے شاندار مظاہرے، ثقافتی پریڈز، قومی ترانے کی گونج اور مختلف تہذیبی سرگرمیاں دیکھنے میں آتی ہیں۔ شہری اور رہائشی سبھی اس دن کو احترام، فخر اور شکر گزاری کے جذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے اعلان کردہ یہ تعطیلات نہ صرف ملازمین کو آرام کا موقع فراہم کریں گی بلکہ قومی دن کی تقریبات میں بھرپور شرکت کا بھی بہترین موقع فراہم کریں گی، اس طرح یہ فیصلہ ملک میں اتحاد، خوشی اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔