’دی اکانومسٹ‘ کی رپورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی حقیقت بے نقاب کر دی، تمام جھوٹے الزامات کا جواب دینا ہوگا، عطا اللہ تارڑ

’دی اکانومسٹ‘ کی رپورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی حقیقت بے نقاب کر دی، تمام جھوٹے الزامات کا جواب دینا ہوگا، عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی حقیقت پوری طرح بے نقاب کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ نے واضح کر دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومتی معاملات میں غیر معمولی اور غیر شفاف طرز عمل اپنایا، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی حکومتی فیصلوں پر اثرانداز ہوتی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور بشریٰ بی بی سے متعلق برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ کے ہوشربا انکشافات

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مختلف فورمز پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کیے، جن کا مقصد ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات جھوٹے پروپیگنڈے کی بنیاد پر اخبارات میں شائع ہوئے اور انہی کی بنیاد پر سیاسی بیانیہ تشکیل دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بیرون ملک بیٹھا ایک شخص لندن ہائیکورٹ میں بھی جھوٹا قرار پایا، جہاں اسے ہرجانے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ عدالتی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب ’دی اکانومسٹ‘ کی تفصیلی رپورٹ سامنے آ چکی ہے تو بانی پی ٹی آئی کو اپنے تمام جھوٹ اورالزامات کا جواب دینا ہوگا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ برطانوی جریدے نے لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تمام ملکی معاشی اور سیاسی فیصلے ماہرین کی رائے سے نہیں بلکہ بشریٰ بی بی کےکہنے پرکیے جاتے تھے، روحانیت کا لبادہ اوڑھی اہلیہ سابق وزیراعظم پراثرانداز ہوتی تھیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے ’روحانیت کا لبادہ‘ اوڑھ کر حکومتی فیصلوں میں مداخلت کی اور رپورٹس سے یہ بات آشکار ہو چکی ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنے سیاسی اور سرکاری فیصلے اہلیہ کے کہنے پر کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نہ صرف مخالفین پر بلکہ ریاستی اداروں پر بھی بے بنیاد الزامات لگائے، جس سے ملک کی ساکھ متاثر ہوئی۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وانا میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے اور داخلی سلامتی کے لیے ادارے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی والے وہ بیان دیتے ہیں جو افغانستان اور بھارت میں شہ سرخی بنتے ہیں، عطا اللہ تارڑ

عطا اللہ تارڑ نے کرکٹ کے حالیہ سلسلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرکٹ جاری رہے گی اور عوام کو ایک مرتبہ پھر اعلیٰ معیار کا کھیل دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے سری لنکا کی حکومت اور ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ اور مضبوط ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں یا تو بھارت کرتا ہے یا پھر بدقسمتی سے ملک کی ایک سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے بیانیے سے بھی انتشار پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی ساکھ، سلامتی اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *