فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم کے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں اسٹاف روٹیشن پالیسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں فوری طور پر پارک کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کے لیے اسٹاف روٹیشن سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت دفاتر میں ایک وقت میں 50 فیصد سے زیادہ عملہ موجود نہیں ہوگا اور تمام ونگز کو ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق اسٹاف روٹیشن میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ونگ ہیڈ کی منظوری سے ممکن ہوگی جبکہ ہر تبدیلی سے انتظامی ونگ کو آگاہ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادارے کی جانب سے نئی گاڑیوں اور سامان کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ دفاتر میں 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر پارک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 50 فیصد ملازمین کو ورک فرام ہوم کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے ایندھن کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ بی ایس 20 اور اس سے اوپر کے افسران سے رضاکارانہ طور پر دو دن کی تنخواہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
مزید برآں ایف بی آر میں نان ای آر اے بجٹ میں 20 فیصد کمی کی جائے گی اور سرکاری گاڑیوں کی رفتار مقررہ حد کے مطابق رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کی جائے گی۔
ایف بی آر میں ان اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے اور تمام ایف بی آر دفاتر کو کمیٹی کے احکامات فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔