شہدائے پاکستان کی لازوال قربانیوں کو قوم آج ایک بار پھر عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کر رہی ہے۔ نومبر کے مہینے میں وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے میجر محمد حسیب شہید، حوالدار نور احمد شہید اور میجر واصف حسین شاہ شہید کو ان کی برسی کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ شہدا کی بہادری، ایثار اور جذبۂ حب الوطنی پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وطن کے ان عظیم سپوتوں میں میجر واصف حسین شاہ شہید شامل ہیں، جنہوں نے 15 نومبر 2014ء کو آپریشن ضربِ عضب کے دوران بہادری اور شجاعت کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
دہشتگردی کے خلاف ملک کے سب سے بڑے فوجی آپریشن میں ان کی جرأت کو سراہتے ہوئے انہیں ستارۂ بسالت سے نوازا گیا، جو ان کی بے مثال بہادری کا واضح اعتراف ہے۔
اسی طرح میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے 14 نومبر 2024 کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف ایک خفیہ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دونوں جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں شہادت کا بلند مرتبہ حاصل کیا۔ ان کی جرات، فرض شناسی اور استقامت قوم کے لئے باعثِ فخر ہے۔
شہدا کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اُن کے پیاروں نے وطن کی خاطر جو قربانی دی وہ کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، کیونکہ ان کے مشن کی تکمیل پاکستان کی سالمیت اور امن سے جڑی ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں مختلف تقریبات میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کی گئیں اور ان کی قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پوری قوم شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان جوانوں کا جذبہ، بہادری اور حب الوطنی پاکستان کے ہر جوان اور ہر شہری کے لئے مثال ہے۔ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ پاکستان کی بنیاد قربانی، عزم اور بہادری پر قائم ہے۔