لاہور میں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ، ’فائٹ فار گلوری‘ ایونٹ میں 15 ممالک کے عالمی باکسرز کی شمولیت

لاہور میں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ، ’فائٹ فار گلوری‘ ایونٹ میں 15 ممالک کے عالمی باکسرز کی شمولیت

پنجاب کے دارلحکومت لاہور ایک بار پھر عالمی کھیلوں کا مرکز بن گیا ہے، جہاں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ کا شاندار انعقاد 26 تا 29 نومبر جناح اسپورٹس کمپلیکس لاہور گیریژن میں کیا جا رہا ہے۔

’فائٹ فار گلوری‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے) کے تعاون سے پاکستان میں باکسنگ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں ہیومنائیڈ روبوٹس کے باکسنگ مقابلے، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کی دنیا میں نیا سنگ میل

چیمپیئن شپ میں 15 ممالک کے 44 پروفیشنل باکسرز حصہ لے رہے ہیں، جن میں 38 غیر ملکی اور 6 پاکستانی فائٹرز شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وسیم، وقاص، عاصم زمان، محب اللہ، جانیہ اور کومل اخلاق رنگ میں اتر کر ملک کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر لارا اکرام بھی خصوصی طور پر اس ایونٹ کا حصہ ہوں گی، جس سے پاکستانی شائقین میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔

بین الاقوامی شرکت کے حوالے سے ایونٹ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ امریکا سے پیٹر ڈوبسن اور اسٹیو جیفرارڈ، جرمنی کے کیون بوآکی، میکسیکو کے ایڈورڈو بائز اور جیسس ساراچو سمیت دنیا بھر کے معروف باکسرز لاہور پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مراکش، فرانس، نیدرلینڈز، ارجنٹینا، جنوبی کوریا، فلپائن، گھانا اور نائیجیریا کے فائٹرز بھی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ تھائی لینڈ کے 4 نمایاں باکسرز اور ڈومینیکن ریپبلک کے 7 پروفیشنل فائٹرز بھی اس چیمپیئن شپ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ایونٹ کے کامیاب اور محفوظ انعقاد کے لیے لاہور میں خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے تحت مقامات کی سخت نگرانی، شائقین کی اسکریننگ اور باکسرز  کے لیے خصوصی سیکیورٹی پروٹوکولز مرتب کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق شہر میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی موجودگی پاکستان کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔

مزید پڑھیں:چین میں ہیومنائیڈ روبوٹس کے باکسنگ مقابلے، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کی دنیا میں نیا سنگ میل

چیمپیئن شپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستان کا مثبت عالمی تشخص اجاگر کرنا، کھیلوں کے ذریعے سفارت کاری کو فروغ دینا اور مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانا ہے۔ اس سے قبل پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ مئی 2025 میں کوئٹہ میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی تھی، جس نے ملک میں باکسنگ کے فروغ کی نئی راہیں کھولی تھیں۔

دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ لاہور کور اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے باہمی تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف پاکستانی باکسروں کے لیے عالمی معیار کا تجربہ فراہم کرے گا بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *