آزاد کشمیر تتہ پانی کے مقام پر اسکریپ گودام میں خوفناک دھماکہ،3 افراد جاں بحق

آزاد کشمیر تتہ پانی کے مقام پر اسکریپ گودام میں خوفناک دھماکہ،3 افراد جاں بحق

آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے نواحی علاقے تتہ پانی میں اسکریپ کے ایک گودام میں اچانک ہونے والے خوفناک دھماکے نے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔

جاں بحق افراد میں ایک 10 سالہ مقامی بچہ بھی شامل ہے، جبکہ دیگر 2 افراد کا تعلق پٹھان برادری سے ہے جو اسکریپ کا کام کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سرینگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں امونیم نائٹریٹ کی فرانزک کے دوران دھماکہ : بھارتی میڈیا

عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ تتہ پانی بائی پاس روڈ پر واقع پٹھانوں کے اسکریپ کے گودام میں اس وقت ہوا جب متعدد مزدور وہاں کام میں مصروف تھے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور چند ہی منٹوں میں امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ کم از کم 5 زخمیوں کو فوری طور پر کوٹلی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بھی ہو سکتی ہے، لہٰذا انہیں خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

ریسکیو حکام اور پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم تاحال کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ ابتدائی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسکریپ میں موجود کوئی دھماکا خیز شے حادثاتی طور پر پھٹ گئی ہو، مگر اس کی تصدیق تفتیش کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

مزید پڑھیں:وانا کیڈٹ کالج حملہ، اسلام آباد خود کش دھماکہ، شواہد مل گئے ہیں، محسن نقوی

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سکریپ گوداموں کی سخت چیکنگ کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *