فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ وہ اللہ کے حکم اور اس کے فرمان کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اور بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ نے پاکستان کو سربلند کیا۔ یہ گفتگو انہوں نے ایوانِ صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو نشانِ امتیاز عطا کرنے کی تقریب کے موقع پر جنگ سے خصوصی بات چیت کے دوران کی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اگر کوئی جنگ مسلط کرے تو پاکستان اسی انداز میں جواب دے گا جیسا کہ مئی میں دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب مسلمان اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو اللہ دشمن پر پھینکی جانے والی مٹی کو بھی میزائل بنا دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کے حکم اور اس کے فرمان کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ اللہ کے خاص کرم سے پاکستان نے اپنے دشمن کو دھول چٹائی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج، اللہ کی فوج ہے اور ہمارے سپاہی اللہ کے نام پر لڑتے ہیں۔
ان کے مطابق یہ ایمان اور عزم ہی ہے جو ملک کے دفاع کو مضبوط بناتا ہے اور دشمن کے عزائم ناکام کرتا ہے۔