پاکستان کے ونڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اتوار کو سری لنکا کے خلاف شاندار سیریز فتح کے بعد اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ٹیم کی ’ریڑھ کی ہڈی‘ قرار دے دیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے مسلسل سیریز جیتنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے دل و جان سے ملک کے لیے کھیل دکھایا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا اور سینیئر و جونیئر تمام کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم کافی عرصے سے بابر اعظم کی سینچری کے منتظر تھے، بابر نے واپسی کی اور اپنی حیثیت ثابت کی’۔ انہوں نے وکٹ کیپر بیٹر رضوان احمد کی بھی تعریف کی، جنہوں نے سینیئر کردار میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
بولنگ کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ تمام بولرز میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر وسیم جونیئر کا ذکر کیا، جو انجری کے باعث آرام کر رہے تھے لیکن واپسی پر ونڈے سیریز میں نمایاں رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم آنے والی ٹی20 ٹرائی سیریز میں بھی اسی جذبے اور کارکردگی سے کھیلنے کے لیے پرعزم ہے اور ہر چیلنج کے لیے تیار ہے۔
ادھر سری لنکا کے بیٹنگ کوچ جولیئن ووڈ نے پاکستان کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم میں بہتری آئی ہے، لیکن شکست مایوس کن رہی۔ انہوں نے کہا کہ ‘ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے، ہم مایوسی میں نہیں رہ سکتے’۔ ووڈ کا کہنا تھا کہ آخری ونڈے میں ابتدائی وکٹوں کا نقصان ٹیم کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔
شکست کے باوجود جولیئن ووڈ نے راولپنڈی میں کھیلنے کے تجربے کو خوشگوار قرار دیا اور پاکستانی مداحوں کی حمایت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی ٹی20 ٹرائی سیریز کے لیے مختلف فارمیٹ کے باعث نئی حکمت عملی کی ضرورت ہو گی۔