سعودی عرب میں بھارتی عمرہ زائرین کی بس اور ڈیزل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 42 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ مکہ سے مدینہ جانے والی زائرین کی بس کو پیش آیا ہے، جاں بحق افراد میں ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 16 افراد شامل ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق جس وقمکہ ت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت بیشتر مسافر سو رہے تھے اور تصادم کے بعد بس میں آگ لگنے کی وجہ سے انہیں بچنے کا بہت کم موقع مل سکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بس میں 43 افراد سوار تھے جن میں 20 خواتین اور 11 بچے شامل تھے۔
بھارتی میڈيا کی اطلاعات کے مطابق بس میں سوار 43 میں سے محمد عبدالشعیب نامی ایک مسافر زندہ بچ گیاہے ، جس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے حادثے کے مناظر کو ہولناک قرار دیا اور بتایا کہ بس مکمل طور پر جل چکی تھی، جس کی وجہ سے ہلاک شدگان کی شناخت انتہائی مشکل ہے۔
جدہ میں بھارتی قونصل خانے نے حادثے کے بعد ایک ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔
حیدرآباد دکن سے ہر برس ہزاروں عازمین عمرہ کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں اور کئی ٹریول ایجنسیاں سات دن کے سفر کے لیے 55,000 روپے فی کس سے شروع ہونے والے عمرہ پیکجز پیش کرتی ہیں، جس میں مکہ اور مدینہ کی زیارت کے علاوہ کچھ سیر و تفریح بھی شامل ہوتی ہے۔
واقعے کی خبر سے صدمے میں مبتلا رشتہ دار پیر کی صبح سے ہی اپنے پیاروں کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے ٹریول ایجنسیوں پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں ۔