بنگلہ دیشی عدالت کا سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف بڑا فیصلہ آگیا

بنگلہ دیشی عدالت کا سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف بڑا فیصلہ آگیا

بنگلہ دیش کی ایک خصوصی بین الاقوامی جرائم عدالت نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم سنایا ہے، دوسرے جرائم میں شیخ حسینہ واجد کو عمر قید کی بھی سزا سنا دی گئی ہے، استغاثہ کی جانب سے عدالت میں ان کے لیے سزائے موت کی درخواست پیش کی گئی تھی۔

پیر کو عدالت میں استغاثہ نے حسینہ پر 5 سنگین الزامات عائد کیے، جن میں ’قتل عام کو روکنے میں ناکامی‘ اور بڑے پیمانے پر پرتشدد کارروائیوں کا حکم دینا شامل ہے۔ ان پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے مظاہرین کو نشانہ بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔ عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات میں تقریباً 10 ہزار صفحات پر مشتمل شواہد شامل تھے، جن میں میڈیا فوٹیج، رپورٹس اور دیگر فنی شواہد شامل ہیں۔

استغاثہ کے چیف پراسیکیوٹر تاج الاسلام نے کہا ہے کہ وہ ’سب سے بڑی سزا‘ کا مطالبہ کرتے ہیں اور اگرچہ ایک ہزار سے زیادہ اموات کا معاملہ ہے، لیکن کم از کم ایک سزائے موت کی سزا سنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف اہم مقدمے کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

حسینہ کی جماعت، عوامی لیگ، نے اس مقدمے کو’سیاسی انتقام‘ قرار دیا ہے اور عدالت کے اختیار کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں سماعت کی گئی تھی، کیونکہ وہ بھارت میں قیام پذیر ہیں اور واپس آنے سے انکار کر چکی ہیں۔

حسینہ کی جماعت نے ملک گیر’لاک ڈاؤن‘ کی کال دی ہے اور عدالتوں کے اطراف اضافی سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں۔ ان کے بیٹے ساجد واجد نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی سزا دی گئی تو سیاسی ہنگامہ اٹھ سکتا ہے، اور ان کی زیرِ قیادت عوامی لیگ ممکنہ احتجاج کرے گی۔

78 سالہ شیخ حسینہ جو اگست 2024 میں بنگلہ دیش سے فرار ہو کر نئی دہلی میں مقیم ہیں، پر مظاہرین کے قتل کے احکامات دینے کے الزامات ہیں۔ پراسیکیوٹرز نے انہیں سزائے موت دینے کا مطالبہ کر رکھا تھا۔ حسینہ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے مقدمے کو سیاسی مقاصد کے تحت بنایا گیا قرار دیا ہے۔

ان کے بیٹے اور مشیر ساجد واجد نے اتوار کو خبردار کیا تھا کہ اگر عوامی لیگ پر عائد پابندی ہٹائی نہ گئی تو پارٹی کے حامی فروری میں قومی انتخابات کو روک دیں گے۔ انہوں نے رائٹرز کو بتایا، ‘ہمیں بالکل معلوم ہے کہ فیصلہ کیا ہوگا۔ اسے ٹیلی ویژن پر دکھایا جا رہا ہے۔ وہ انہیں قصوروار قرار دیں گے اور شاید موت کی سزا بھی دیں۔ میری والدہ بھارت میں محفوظ ہیں اور بھارت انہیں مکمل تحفظ فراہم کر رہا ہے۔’

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد کر دی گئی

عالمی امن کے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی عبوری حکومت کے ترجمان نے مقدمے کی سیاسی تحریک ہونے کے دعوے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت شفاف انداز میں کام کر رہی تھی، مبصرین کو موقع دیا گیا اور مناسب دستاویزات شائع کی گئیں۔ حکومتی اہلکاروں نے واضح کیا کہ عوامی لیگ پر پابندی ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور ملک سے باہر رہنے والے رہنماؤں کی جانب سے کسی بھی تشدد کی ترغیب ‘انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قابل مذمت’ ہے۔

فیصلے سے قبل، داکھا میں سیاسی تشدد بڑھ گیا۔ اتوار کو کئی خام بم پھٹے، 12 نومبر کو 32 دھماکے ہوئے اور درجنوں بسیں جلائی گئیں۔ سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، 400 سے زیادہ بارڈر گارڈز تعینات، چیک پوسٹس مضبوط اور عوامی اجتماعات پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پولیس نے مبینہ تخریب کاری کے الزامات پر عوامی لیگ کے کئی کارکنان کو حراست میں لیا ہے۔

ادھر شیخ حسینہ واجد کے بیٹے اور سیاسی مشیر ساجد واجد نے خبردار کیا کہ اگر بین الاقوامی برادری مداخلت نہ کرے تو احتجاج بڑھ سکتا ہے اور ممکنہ تشدد ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کسی بھی اپیل میں حصہ نہیں لے گی جب تک کہ منتخب حکومت عہدہ سنبھالے اور پارٹی کی شمولیت ہو۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا برطانیہ میں سیاسی پناہ لینے کا فیصلہ

شیخ حسینہ، جنہیں بنگلہ دیش کی معیشت کی ترقی میں اہم کردار دینے کے لیے سراہا جاتا ہے لیکن انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظاہروں کو دبانے کے الزامات ہیں، 2024 کے انتخابات میں چوتھی بار منتخب ہوئیں، جسے مرکزی حزبِ اختلاف نے بائیکاٹ کیا تھا، کیونکہ کئی رہنما قید یا بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ ساجد واجد نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ناراض، غصے میں اور مشتعل ہیں اور ہم سب ہر ممکنہ طریقے سے واپس لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔’

دریں اثنا، عدالتی عمل کو شفاف بنانے کے لیے فیصلے کو براہِ راست نشر کیا گیا ہے، اور مختلف بین الاقوامی اور مقامی حقوقِ انسانی تنظیمیں اس مقدمے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ فیصلہ بنگلہ دیش کی سیاست اور انصاف کے نظام میں ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے  اور اس کے اثرات مستقبل کی حکومت، اپوزیشن اور عوامی احتجاج کی سمت پر گہرے مرتب ہوں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *