پاکستانی طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، امریکہ میں مفت تعلیم کا زبردست موقع

پاکستانی طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، امریکہ میں مفت تعلیم کا زبردست موقع

پاکستانی طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک نہایت اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں  ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اعلان کیا ہے کہ امریکا میں مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے لیے درخواستیں کھول دی گئی ہیں۔

یہ اسکالرشپس یو ایس پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت پیش کی جا رہی ہیں، جو پاکستان کے ذہین اور محنتی طلبہ کو عالمی سطح کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کا ایک بڑا موقع ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق مذکورہ اسکالرشپس 100 سے زائد معتبر اور عالمی رینکنگ کی حامل امریکی یونیورسٹیوں میں دستیاب ہوں گی، جن میں سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، ہیومینیٹیز اور مختلف جدید شعبوں میں تحقیق کے بے شمار مواقع شامل ہیں۔

پاکستانی طلبہ کے لیے یہ پروگرام نہ صرف معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرے گا بلکہ عالمی سطح پر تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے دروازے بھی کھولے گا۔

اس اسکالرشپ کے تحت منتخب امیدواروں کو جامعات کے معیار کے مطابق مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اگر کوئی امیدوار دنیا کی ٹاپ 50 یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کر لیتا ہے، تو اسے مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس میں مکمل ٹیوشن فیس کی ادائیگی ، ماہانہ وظیفہ ، ہیلتھ انشورنس اور ریسرچ کے اضافی مواقع اور معاونت شامل ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کے لئے خوشخبری، روس کی جانب سے ’’فل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام ‘‘ کا اعلان

اس کے برعکس، 51 سے 100 رینک والی یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے امیدواروں کو بھی قابلِ قدر سہولت دی جائے گی، جس کے تحت انہیں سالانہ 12 ہزار امریکی ڈالر تک ٹیوشن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ ہونہار پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سرگرمیوں تک رسائی دینا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ ایسے طلبہ جو امریکا میں پی ایچ ڈی کرنے کے خواہش مند ہیں، انہیں چاہیے کہ جلد از جلد اپنی درخواست تیار کریں اور مقررہ وقت سے پہلے جمع کرائیں، تاکہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *