آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، وہ آزاد کشمیر کے 16 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
مظفرآباد میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی علالت کے باعث وزیر اعظم سے سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ان سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔
حلف سے پہلے سیکرٹری کابینہ چیف سیکریٹری آزاد حکومت نے وزیر اعظم کی انتخاب کا نوٹی فکیشن پڑھ کر سنایا۔
گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران 36 اراکین نے فیصل ممتاز کے حق جبکہ 2 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیا جس کے بعد پیپلزپارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں جبکہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوئے۔
یاد رہے کہ چودھری انوارالحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھجوایا گیا تھا تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔
تحریک عدم اعتماد سردار جاویدایوب، چودھری قاسم مجید نے دیگر کے ہمراہ پیش کی تھی، تحریک عدم اعتماد میں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا تھا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ فیصل ممتاز راٹھور کی حکومت میں نئے منصوبے اور اصلاحات متوقع ہیں جوخطے کے استحکام اور ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔