صدر مملکت سے یو اے ای کے نئے سفیر کی ملاقات، تعاون بڑھانے کا عزم

صدر مملکت سے یو اے ای کے نئے سفیر کی ملاقات، تعاون بڑھانے کا عزم

اسلام آباد: ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعبی نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔ تقریب کے آغاز میں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے اماراتی سفیر کو روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ذرائع کےمطابق صدر آصف علی زرداری نے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعبی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ، تجارتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یو اے ای مشترکہ معاشی مفادات کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی شراکت داری رکھ سکتے ہیں۔

صدرِ مملکت نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا عملی پل ہیں۔ اماراتی سفیر نے بھی پاکستان کے ساتھ سیاسی، معاشی اور سماجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *