نادرا نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً برطانیہ میں رہنے والے شہریوں کو ایک جعلی ویب سائٹ کے ذریعے ہونے والی ممکنہ دھوکا دہی سے سختی سے خبردار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارے نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی “NADRA Card Centre” نامی ویب سائٹ اور اس کے جعلی آن لائن پلیٹ فارم nadra.cardcentre.co.uk سے ہر ممکن حد تک دور رہیں، کیونکہ یہ ویب سائٹ نادرا کے نام کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے اور ذاتی معلومات چرانے میں ملوث ہے۔
نادرا کے مطابق یہ جعلی ویب سائٹ شناختی کارڈ (CNIC)، نائکوپ (NICOP) اور دیگر سرکاری دستاویزات جاری کرنے کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کر رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس پلیٹ فارم کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔
اس ویب سائٹ پر بنایا گیا مواد نہ صرف شہریوں کو دھوکے میں ڈال رہا ہے بلکہ ان کے ذریعے صارفین سے ذاتی معلومات حاصل کر کے انہیں غلط مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نادرا نے خبردار کیا ہے کہ ایسی ویب سائٹس پر فراہم کی جانے والی معلومات شہریوں کے لیے شدید نقصان اور سکیورٹی خدشات کا باعث بن سکتی ہیں۔
مزید برآں، نادرا نے اس فراڈ پر مبنی سرگرمی کے خلاف برطانیہ کی متعلقہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں باضابطہ شکایت بھی درج کرا دی ہے، تاکہ جعل سازوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے اور مزید لوگوں کو ان کے ہتھکنڈوں کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔
ادارے نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شہری صرف نادرا کی آفیشل ویب سائٹس اور مستند مراکز سے ہی خدمات حاصل کریں۔
نادرا نے اوورسیز کمیونٹی کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی ایسی ویب سائٹ یا پلیٹ فارم سے ہوشیار رہیں جو نادرا کے نام پر خدمات دینے کا دعویٰ کرے، اور کسی بھی ذاتی یا مالی معلومات کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق لازمی کریں۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو کسی مشکوک سائٹ یا پیغام پر شبہ ہو تو فوراً نادرا یا متعلقہ سائبر کرائم ادارے سے رابطہ کریں، تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔