ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کے خلاف شاندار اور یکطرفہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی برتری مضبوط کر لی ہے۔
دوحہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں قومی ٹیم نے نہ صرف بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ بیٹنگ میں بھی انتہائی اعتماد کے ساتھ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا ہے ۔ پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر یہ واضح کر دیا کہ وہ ایونٹ میں مضبوط مقابل ہیں۔
میچ کا آغاز متحدہ عرب امارات کی بیٹنگ سے ہوا، مگر آغاز ہی سے ان کی بیٹنگ لائن شدید دباؤ کا شکار دکھائی دی۔ پاکستانی باؤلرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ لائن اور لینتھ کے ساتھ حریف ٹیم کو گھیرے رکھا اور انہیں سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا ۔
یو اے ای کی پوری ٹیم محض 18 اوورز میں صرف 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔ کپتان علیشان شرافو 3 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے جبکہ احمد طارق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ کیپر سید حیدر نے نسبتاً بہتر مزاحمت کی اور 20 رنز اسکور کیے، مگر وہ بھی اپنی ٹیم کو بڑے بحران سے نہ نکال سکے اور مجموعی طور پر ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے باؤلرز نے غیرمعمولی کارکردگی دکھائی۔ سفیان مقیم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور یو اے ای کی بیٹنگ لائن کو ایک لمحے کے لیے بھی سنبھلنے نہ دیا۔
اس کے علاوہ احمد دانیال اور معاذ صداقت نے بھی ذمہ دارانہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کی پوری ٹیم معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔
جوابی اننگز میں پاکستان شاہینز نے ہدف کا تعاقب انتہائی برق رفتاری سے کیا۔ اوپنر محمد نعیم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تاہم دوسرے اینڈ پر معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 37 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اس جارحانہ بیٹنگ نے میچ کو ابتدا ہی میں پاکستان کے حق میں کر دیا۔
وکٹ کیپر غازی غوری بھی پُر اعتماد انداز میں کھیلتے رہے اور 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف صرف 5.2 اوورز میں با آسانی حاصل کر لیا، جو اس کی بیٹنگ لائن کی بھرپور طاقت اور بہترین فارم کا ثبوت ہے۔
یہ جیت پاکستان شاہینز کے لیے نہ صرف ایونٹ میں اہم ثابت ہوئی بلکہ ٹیم کے حوصلوں میں بھی مزید اضافہ کر دیا ہے۔ پاکستان شاہینز کی اس شاندار کارکردگی نے گروپ بی میں ان کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی ہے۔