برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف ایکسیٹر نے پاکستان سمیت کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کے امیدواروں کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کرتے ہوئے مکمل فنڈڈ پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔
یونیورسٹی نے 2026 ہورنبی ٹرسٹ اسکالرشپ کے لیے درخواستوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جو انگریزی زبان کے تجربہ کار اساتذہ کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ اسکالرشپ اُن ٹیچرز کے لیے ہے جو اپنے ممالک میں انگریزی زبان کی تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کا مضبوط عزم رکھتے ہیں اور پیشہ ورانہ ترقی کے خواہشمند ہیں۔
اس مکمل فنڈڈ اسکالرشپ میں مکمل ٹیوشن فیس، کم از کم £15,500 سالانہ وظیفہ اور ریٹرن ایئر ٹکٹ شامل ہے، جس کے باعث اسے یورپ میں اساتذہ کے لیے دستیاب سب سے جامع فنڈنگ پیکجز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔
2026 کے لیے یونیورسٹی آف ایکسیٹر اپنی MEd TESOL ڈگری کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 مکمل فنڈڈ نشستیں فراہم کرے گی، جبکہ پروگرام کا آغاز ستمبر میں ہوگا۔
اس اسکالرشپ کے لیے مقرر کردہ اہلیت کے مطابق درخواست گزار کا کم یا متوسط آمدنی والے ممالک کی فہرست، یعنی OECD DAC لسٹ میں شامل کسی ملک کا شہری ہونا ضروری ہے۔
امیدواروں کے پاس ایک مضبوط انڈر گریجویٹ ڈگری کے ساتھ کم از کم تین سال کا فل ٹائم TESOL یا اس سے متعلقہ شعبے کا پیشہ ورانہ تجربہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ کار دو مراحل پر مشتمل ہے۔ سب سے پہلے امیدواروں کو یونیورسٹی آف ایکسیٹر میں معمول کے مطابق MEd TESOL پروگرام کے لیے درخواست جمع کروا کر اسٹوڈنٹ آئی ڈی حاصل کرنا ہوگی۔ اس کے بعد ہی ہورنبی ٹرسٹ اسکالرشپ کے لیے مخصوص درخواست فارم پُر کرنے کی اجازت ملے گی۔
درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 9 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ انٹرویوز 16 سے 25 مارچ 2026 تک ہوں گے۔ اسکالرشپ کے حتمی نتائج کا اعلان 2 اپریل 2026 کو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہورنبی ٹرسٹ اسکالرشپ نہ صرف مکمل فیس اور سالانہ وظیفے کا احاطہ کرتی ہے بلکہ بین الاقوامی سفری اخراجات بھی شامل ہیں، جس کے باعث یہ ماسٹرز سطح پر بیرونِ ملک مہارت بڑھانے کے خواہشمند انگریزی زبان کے اساتذہ کے لیے ایک نایاب اور قیمتی موقع ہے۔