محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک کے میدانی حصوں میں دن کے اوقات میں موسم خشک جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالخصوص صبح اور رات کے وقت ٹھنڈ کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے باعث لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر صبح اور رات کے وقت ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے، سموگ کے باعث حدِ نگاہ میں کمی متوقع ہے، لہٰذا شہریوں کو سفر کرتے وقت احتیاط برتنے اور ماسک کے استعمال کی تنبیہ کی گئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہی، پنجاب کے چند اضلاع میں صبح کے وقت ہلکی دھند چھائی رہی جس سے معمولاتِ زندگی کسی حد تک متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پشاور میں آج درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جہاں ٹھنڈ کی لہر مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 233 ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔