ملک بھر میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کرنے کی نئی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی گئی ہے جس کے بعد ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ریلیف کی خوشخبری کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو اکتوبر 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت 65 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی ہے، جس پر سماعت 27 نومبر کو ہوگی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کے مطابق اکتوبر کے دوران فیول لاگت سابقہ حساب سے کم رہی، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمت کم کرنے کی گنجائش پیدا ہوئی۔ حکام کے مطابق اگر نیپرا درخواست منظور کر لیتا ہے تو اس کمی کا اطلاق نہ صرف ملک بھر کے صارفین پر ہوگا بلکہ کراچی کے الیکٹرسٹی صارفین بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
اس وقت ملک میں ستمبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ لاگو ہے، جس کے تحت بجلی 48 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی۔ اکتوبر کی ممکنہ کمی کو گزشتہ ماہ کی کمی کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو صارفین کے ماہانہ الیکٹرسٹی بلوں میں مزید بہتری لا سکتی ہے۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتوں میں استحکام اور مقامی پاور پلانٹس کی بہتر کارکردگی کے باعث مستقبل میں بھی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ ملک بھر میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کرنے کی نئی درخواست پرنیپرا کی جانب سے سماعت کے بعد ہی کیا جائے گا۔