ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے کپتان شے ہوپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ میں نہ صرف نئی تاریخ رقم کردی بلکہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھی کئی اعزاز اپنے نام کر لیے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان شے ہوپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف نیپئر میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نہ صرف برق رفتار سنچری اسکور کی بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ، اگرچہ ان کی غیر معمولی بیٹنگ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، تاہم ان کی انفرادی کارکردگی کو عالمی سطح پر بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
شے ہوپ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 69 گیندوں پر 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 109 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 34 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے ، جواب میں نیوزی لینڈ نے 3 گیندیں قبل ہدف حاصل کرتے ہوئے 248 رنز بنا کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز کی شاندار کارکردگی، یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی
اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اور ویسٹ انڈیز کے ہی کرس گیل نے 12،12 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا کر ریکارڈ بنایا تھا۔
سٹار بلے باز نے 11 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ نیدرلینڈز اور نیپال جیسی فل ممبر ٹیموں کے خلاف بھی سنچری بنائی ہے جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
عالمی کرکٹ میں زیادہ ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے دیگر بلے بازوں میں سچن ٹنڈولکر، گیری کرسٹن، رکی پونٹنگ، راہول ڈریوڈ، کمار سنگاکارا، ہاشم آملہ، شیکھر دھون، مارٹن گپٹل اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ 11،11 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا چکے ہیں یوں شے ہوپ نے سب کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔
شے ہوپ نے ون ڈے کی تاریخ میں 10 ممالک میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا، تاہم سچن ٹنڈولکر اور سنتھ جے سوریا نے سب سے زیادہ 12 ممالک میں ون ڈے سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
شے ہوپ ویسٹ انڈیز کے لیے 142 ون ڈے میچوں میں تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل ویوین رچرڈز نے 141 میچوں میں ویسٹ انڈیز کے لیے تیز ترین 6 ہزار رنز بنائے تھے۔
سٹار بلے باز نے ون ڈے کیریئر میں عظیم بلے باز برائن لارا کا ریکارڈ بھی برابر کردیا، انہوں نے ون ڈے میں مجموعی طور پر 19 سنچریاں بنائی ہیں جبکہ کرس گیل سب سے زیادہ 25 سنچریاں بنا چکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان 142 اننگز میں تیز ترین 19 سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں پانچویں نمبر پر ہیں اور ان سے پہلے بابر اعظم 102 میچوں، ہاشم آملہ 104، ویرات کوہلی 124 اور ڈیوڈ وارنر 139 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں جبکہ کرس گیل اور برائن لارا نے بالترتیب 189 اور 243 ویں اننگز میں 19 سنچریاں بنائی تھیں۔