آپریشن ’عزم استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے 19 نومبر 2025 کو ضلع کرم میں 2 الگ الگ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے مزید 23 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنی ویب سائٹ پر جاری پریس ریلیز میں تصدیق کی ہے کہ مارے جانے والے تمام دہشتگردوں کا تعلق ایک ایسے گروہ سے تھا جسے بھارت کی پشت پناہی والا نیٹ ورک فتنہ الخوارج قرار دیا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی اس اطلاع پر کی گئی کہ علاقے میں شدت پسندوں کا ایک گروہ موجود ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کو گھیر کر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 فتنہ الخوارج مارے گئے۔
مزید انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہونے پر اسی علاقے میں موجود فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے ایک اور گروہ کے خلاف دوسری کارروائی کی گئی، جس میں سیکیورٹی فورسز نے 11 مزید فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دیگر دہشتگردوں کی موجودگی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ یہ کارروائیاں پاکستان کی جاری انسدادِ دہشت گردی مہم ’عزمِ استحکام‘ کا حصہ ہیں، جسے نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی نے منظور کیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ ادھر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر ستائشی پیغام میں کہا ہے کہ حکومت آخری دہشتگرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
مزید تفصیلات شدت پسندوں کی شناخت اور برآمد کیے گئے اسلحے سے متعلق علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے بعد جاری کی جائیں گی۔