وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا، جب کہ پاک فوج نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور امریکی رپورٹ نے پاکستان کی جیت پر مہر لگادی۔
وزیر اعظم نے باغ میں دانش اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس کی رپورٹ نے پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کردی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے 7 جہاز گرانے کا بارہا ذکر کیا جبکہ شاہینوں کی کارکردگی نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 4 دن کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا، یہ اللہ کے فضل و کرم اور فیلڈ مارشل کی شاندار اور بلاخوف قیادت کی بدولت ممکن ہوا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں بلا خوف مشاورت سے بھرپور فیصلے کیے، افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا، پاک-بھارت جنگ میں بری افواج نے الفتح میزائل داغے، افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دانش گاہ کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا، یہ دانش گاہیں پورے ملک میں تعمیروترقی کے ذریعے پھیل رہی ہیں، بھمبر میں دانش اسکول کا 35 فیصد کام مکمل ہوچکا، دانش اسکول کا دائرہ کار وادی نیلم تک پھیل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیرکی خواہش پر فاروڈ کہوٹہ کے لیے دانش اسکول کا اعلان کرتا ہوں، دانش اسکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں، دانش اسکول میں غریبوں کے بچے بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کررہے ہیں جبکہ دانش اسکول کےذریعے علامہ اقبال اور قائد اعظم کا خواب پورا ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی میدان میں دن رات محنت کررہے ہیں، جوقومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرتیں وہ کامیاب نہیں ہوتیں، ایک دن آئے گا کہ ہماری قرضوں سے جان چھوٹ جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزادکشمیر کی کمیٹی اورحکومت پاکستان کے وفد کے درمیان جو فیصلے ہوئے اس پر پوری طرح عمل پیرا ہوں گے، آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور اپنے ساتھیوں سے مل کر گورننس کا ایسا معیار بنائیں کہ پورے آزادکشمیر میں اس کی خوشبو پہنچے۔