پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں ایسے صارفین کو خبردار کر دیا ہے جو غیر رجسٹرڈ موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کسی بھی وقت ڈی آئی آر بی ایس نظام کے تحت بلاک کیے جا سکتے ہیں، اس لیے شہری بروقت اپنی ڈیوائسز کی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر رجسٹرڈ موبائل فون عام طور پر کم قیمت میں دستیاب ہوتے ہیں کیونکہ ان پر کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکس ادا نہیں کیے جاتے۔ یہی وجہ ہے کہ کم آمدنی والے صارفین کے لیے یہ فون ایک پرکشش آپشن بن جاتے ہیں، تاہم یہ استعمال کے دوران کسی بھی لمحے بند ہوسکتے ہیں اور نیٹ ورک پر کام نہیں کرسکتے۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ صرف وہی ڈیوائسز نیٹ ورک پر فعال رہ سکتی ہیں جو اس کے منظور شدہ سسٹم میں رجسٹرڈ ہوں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہری *#06# ڈائل کر کے اپنے موبائل فون کا 15 ہندسوں پر مشتمل آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر جا کر یا 8484 پر ایس ایم ایس بھیج کر اپنی ڈیوائس کا اسٹیٹس باآسانی چیک کرسکتے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق یہ طریقہ کار نہ صرف سادہ ہے بلکہ صارفین کو بروقت یہ معلوم کرنے میں مدد دیتا ہے کہ ان کا فون رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ موبائل فون بلاک ہونے کی صورت میں شہریوں کو نہ صرف رابطے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ ان کا ڈیٹا اور رابطہ کاری بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ اسی لیے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بلا رکاوٹ کنیکٹیویٹی کے لیے اپنے موبائل فون کی پیشگی رجسٹریشن مکمل کریں۔ پی ٹی اے نے زور دیا ہے کہ ذمہ دار ڈیجیٹل شہری کی حیثیت سے صرف وہ ڈیوائسز استعمال کی جائیں جو پی ٹی اے سے منظور شدہ ہوں، تاکہ محفوظ اور مستحکم ٹیلی کمیونیکیشن نظام برقرار رہے۔