نادرا کا موسمِ سرما کے نئے اوقاتِ کار کا اعلان

نادرا کا موسمِ سرما کے نئے اوقاتِ کار کا اعلان

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے موسمِ سرما کے لیے خیبرپختونخوا میں تمام رجسٹریشن مراکز کے اوقاتِ کار تبدیل کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

نادرا کے مطابق موسمی تبدیلی اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اوقات کا اطلاق 19 نومبر سے کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر کے تمام دفاتر اس شیڈول پر عمل کر رہے ہیں۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پانچ روزہ ورک ویک میں شامل تمام دفاتر، جن میں ریجنل ہیڈ آفس اور زونل دفاتر بھی شامل ہیں، پیر سے جمعہ تک صبح 8 بج کر 30 منٹ سے شام 4 بج کر 30 منٹ تک خدمات فراہم کریں گے۔

ان دفاتر کے علاوہ وہ نادرا رجسٹریشن سینٹرز جو ایک ہی شفٹ میں کام کرتے ہیں، پیر سے جمعہ تک صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔

صوبے کے مخصوص اضلاع— جن میں باجوڑ، چترال، سوات، کوہستان، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، بنوں اور ہنگو شامل ہیں— میں قائم نادرا کے چھ روزہ ورک ویک دفاتر کے لیے دو شفٹوں کا شیڈول مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ گاڑیوں کی خریدو فروخت کرنے والے شہریوں کو نادرا نے منفرد سہولت فراہم کردی

نئے نظام کے تحت صبح کی شفٹ پیر سے ہفتہ صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ دوسری شفٹ دوپہر 12 بجے سے شام 6 بجے تک خدمات فراہم کرے گی۔

ان زونز کے علاوہ دیگر علاقوں میں واقع چھ روزہ ورک ویک نادرا رجسٹریشن سینٹرز سنگل شفٹ میں کام کریں گے۔ ان مراکز کے اوقاتِ کار پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، تاکہ شہریوں کو سہولت کے ساتھ ضروری دستاویزی خدمات میسر رہیں۔

مزید برآں، ایسے ڈبل شفٹ دفاتر جو ہفتے میں چھ دن کام کرتے ہیں، وہ دو مختلف اوقات میں خدمات فراہم کریں گے۔ ان دفاتر میں صبح کی شفٹ پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ شام کی شفٹ دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک کام کرے گی۔

نادرا کے مطابق نیا شیڈول عوامی ضرورت اور موسم کے تقاضوں کے مطابق مرتب کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *