پاکستانی قوم کو متحد ہو کر داخلی و خارجی دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جامعۃ الرشیدکراچی میں اجتماع سے خطاب
Home - Uncategorized - پاکستانی قوم کو متحد ہو کر داخلی و خارجی دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جامعۃ الرشیدکراچی میں اجتماع سے خطاب
ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چوہدری نے کراچی میں جامعۃ الرشید کے سالانہ فضلاء تربیتی اجتماع میں شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی سلامتی، فوج کے کردار اور خطے کی صورتحال پر مفصل گفتگو کی۔
جامعۃ الرشید کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے کم ترین دفاعی بجٹ کے باوجود عالمِ اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہے اور 57 اسلامی ممالک میں صرف پاکستان کو ’’محافظ الحرمین الشریفین‘‘ ہونے کا مثالی اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کو سمجھا جائے، جہاں ملک کے ہر علاقے، مختلف قومیتوں اور متوسط و غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان میرٹ کی بنیاد پر شمولیت اختیار کرتے ہیں۔ فوج میں کسی کے لیے میرٹ کے سوا کوئی معیار نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک افغانستان طالبان شریعت کا نام لیتا ہے، لیکن عملی طور پر اسلام کے بڑے دشمنوں کا آلہ کار بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست کے دعویدار جس اسلام کی تصویر پیش کر رہے ہیں، وہ اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔
بلوچستان کے بارے میں جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے لیے عوام کو دہشت گردوں کے خلاف اپنی فوج کا پورا ساتھ دینا ہوگا۔ بلوچستان کی جنگ ’’انٹیلیجنس کی جنگ‘‘ ہے جسے قوم اور فوج مل کر ہی جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت بلوچستان میں ایک بھی کالج موجود نہیں تھا، لیکن آج یہاں ہزاروں تعلیمی اور رفاہی ادارے موجود ہیں۔ احساسِ محرومی کا بیانیہ حقیقت کے خلاف ہے، کیونکہ 1 کروڑ 50 لاکھ آبادی کا بجٹ 1028 ارب روپے ہے، جبکہ پنجاب کی 12 کروڑ آبادی کے لیے بجٹ 5300 ارب روپے ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی فیک خبروں سے خبردار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بیانیہ غلط معلومات پر نہیں بلکہ حقائق پر قائم ہونا چاہیے۔ حقائق ہی صحیح سمت دکھاتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہونا ہوگا۔ قوم کا ایک بیانیہ ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج حق پر ہے اور اس کی حقانیت کی متعدد نشانیاں ظاہر ہو چکی ہیں، جن میں بھارت کے خلاف کامیابیاں اور خوارج کے خلاف فتوحات شامل ہیں۔
اختتام میں انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت صرف فوج کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ وہ عوام تک درست معلومات اور سچائی پہنچائیں تاکہ قوم متحد اور باخبر رہے۔