ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل لال چوک میں کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک بڑا دہشتگردی نیٹ ورک توڑ دیا ہے۔ کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سی ٹی ڈی کی اے پی سی پر دہشتگردوں نے اچانک حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، جس کے جواب میں فوری طور پر جوابی کارروائی کی گئی۔ ابتدا ہی میں 2 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دیگر دہشتگرد نزدیکی گھر میں داخل ہو کر مورچہ زن ہو گئے اور شدید مزاحمت شروع کر دی۔
دہشتگردوں نے مقابلے کے دوران بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 نہتے شہریوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا، جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (سوات) ٹیمیں، بنوں پولیس کی تازہ دم نفری اور سیکیورٹی فورسز کے خصوصی یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا۔
تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمت عملی سے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن مکمل کیا گیا، جس کے دوران 5 دہشتگردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک دہشتگرد کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کئی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ دیگر دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ علاقے میں مزید کلیرنس آپریشن بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد علاقے میں موجود دہشتگرد گروہوں کے نیٹ ورک کو توڑنا اور شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرے کا خاتمہ تھا۔ حکام نے شہید ہونے والے شہریوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔