سرمایہ دارانہ، ظالم سسٹم اب نہیں چلے گا، نوجوانوں کے ساتھ مل کر منصفانہ، شفاف اور عوامی نظام قائم کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

سرمایہ دارانہ، ظالم سسٹم اب نہیں چلے گا، نوجوانوں کے ساتھ مل کر منصفانہ، شفاف اور عوامی نظام قائم کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

لاہور کے تاریخی گریٹر اقبال پارک میں جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام 3 روزہ ’بدل دو نظام‘ اجتماع عام جاری ہے، جس میں ملک بھر سے ہزاروں افراد شرکت کر رہے ہیں۔

اجتماع میں عوام کی بڑی تعداد، خواتین، نوجوانوں اور کارکنان کی بھرپور شمولیت دیکھنے میں آئی، جبکہ جلسہ گاہ نعروں اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔

اجتماع کے دوسرے روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اپنے تفصیلی خطاب میں کہا کہ موجودہ نظام عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ظلم کا نظام اب مزید نہیں چل سکے گا، اور نہ ہی ہم سازشوں یا فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئیں گے۔ ہماری جدوجہد صاف، شفاف اور عوام کے اعتماد پر مبنی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے رہنما اظہر الاسلام کی سزائے موت کالعدم قرار دیدی

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی میں قیادت اور کارکن کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں ہوتا اور یہی اسے دیگر جماعتوں سے ممتاز بناتا ہے۔ ان کے مطابق ’جماعت اسلامی عام لوگوں، محنت کشوں اور مڈل کلاس کی جماعت ہے، نہ کہ وڈیروں اور سرمایہ داروں کا سیاسی پلیٹ فارم۔ کسی جاگیردار یا سرمایہ دار کا نظام اب ملک میں نہیں چل سکے گا‘۔

انہوں نے حکمران طبقے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کا حکمران طبقہ کبھی بھی عوام کے درد کو سمجھ نہیں سکا۔ حکمران طاقتور سے ڈرتے ہیں اور کمزوروں کو پیستے ہیں۔ عوام کا حق کھانے والوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جاتی ہے جبکہ عام آدمی انصاف کے لیے دربدر پھرتا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں کسی صدر یا حکمران کے لیے کوئی استثنا نہیں، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے تمام سیاسی کارکنوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ حقیقی انقلاب چاہتے ہیں وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ خاندانوں اور وصیتوں پر چلنے والی جماعتیں نہ انقلاب لا سکتی ہیں اور نہ ہی عوامی تبدیلی کا راستہ ہموار کر سکتی ہیں‘۔

مزید پڑھیں:جماعت اسلامی کا احتجاج، ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے سیل

انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی اور کارکن گلی گلی، محلے محلے جا کر عوام تک پیغام پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کے نوجوان چاہتے ہیں کہ نظام بدلے اور ہم انہی نوجوانوں کے ساتھ مل کر ایک منصفانہ، شفاف اور عوامی نظام قائم کریں گے‘۔

اجتماع میں ملکی سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل پر مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں، جبکہ ملک بھر سے آئے ہوئے شرکاء نے جماعت اسلامی کی آئندہ جدوجہد کے لیے بھرپور حمایت کا عزم کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *