وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایم ٹیگ لگوانے کی مہم تیزی سے جاری ہے اور شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سات دن کے دوران 18,757 گاڑیوں پر ایم ٹیگ نصب کیے جا چکے ہیں، جس سے نہ صرف داخلہ پوائنٹس پر رش کم ہوا ہے بلکہ شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بھی بہتر ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسلام آباد کو ایک جدید اور اسمارٹ شہر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ، انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوائیں، کیونکہ آنے والے مراحل میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس فیصلے کا مقصد شہریوں کے لیے ٹریفک کے نظام کو آسان اور زیادہ منظم بنانا اور داخلہ پوائنٹس پر تاخیر کو کم کرنا ہے۔ ایم ٹیگ کے ذریعے نہ صرف ٹریفک کنٹرول بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کے لیے ٹریفک میں وقت کی بچت بھی ممکن ہو گی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، مختلف مقامات پر قائم 10 مراکز پر 3,511 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے گئے، شہریوں کی سہولت کے لیے ان مراکز پر عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ گاڑیوں کے مالکان کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے اور عملہ تیز رفتاری سے کام کر سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ جلد مزید مراکز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ایم ٹیگ کی سہولت ہر شہری تک آسانی سے پہنچ سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ نہ صرف ایک جدید سہولت ہے بلکہ یہ شہریوں کی ذمہ داری کا بھی مظہر ہے۔ ہر گاڑی کے مالک کو چاہیے کہ وہ اپنی گاڑی کو آج ہی ایم ٹیگ سے فعال کرے تاکہ آئندہ کسی پریشانی یا داخلے میں روک سے بچا جا سکے۔