اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جاپان نے پاکستان کو4-1سے شکست دے کر پہلی بار ایونٹ جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جاپان نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں 4-1سے شکست دے کر پہلی بار ایونٹ کے فائنل میں کامیابی حاصل کرلی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ چوتھے کوارٹر میں 2 -2 گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔جاپان نے پہلے کوارٹر میں پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل کی جب کہ دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول سکور نہ کرسکیں۔تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کے احمد اعجاز نے 34 ویں اور عبدالرحمان نے37 ویں منٹ میں گول کیا۔جاپان نے چوتھے کوارٹر میں میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ جاپان کی جانب سے دوسرا گول کازوماسما نے 47 ویں منٹ میں سکور کیا۔چوتھے کوارٹر میں پاکستان کو برتری حاصل کرنے کے متعدد مواقع ملے تاکم قومی ٹیم اس کا فائدہ نہ اٹھاسکی۔ اس کے بعد پنالٹی شوٹ آوٹ مرحلے میں جاپان نے شروع سے ہی گیم پر اپنی گرفت رکھی جبکہ پاکستان ابتدائی تین شوٹ میں ہی ناکام رہے اور صرف ایک گول کر سکے ۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کامیابیاں
اذلان شاہ ہاکی کپ کا آغاز اکتالیس سال قبل 1983 میں ہوا تھا۔ جس کے پہلے ہی فائنل میں پاکستان نے کوالی فائی کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔آغاز میں یہ ٹورنامنٹ ہر دو سال بعد ہوتا تھا لیکن آگے جاکر اس کا انعقاد ہر سال ہونے لگا، پھر بھی گرین شرٹس کو اس میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے کے لیے 16 سال مزید انتظار کرنا پڑا تھا۔پاکستان ٹیم نے پہلی بار 1999 میں اذلان شاہ کپ کا فائنل جیتا جس کے بعد 2000 اور 2003 میں بھی ٹرافی اپنے نام کی۔ تب سے لے کر اب تک گرین شرٹس نے دو مرتبہ 2004 اور 2011 میں فائنل میں جگہ بنائی جب کہ دو ہی بار 2005 اور 2022 میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا لیکن ٹرافی جیتنے سے محروم رہی۔