پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے مین اپوزیشن پارٹیوں کو یکجا کر لیا ، مزید سیاسی جماعتیں بھی جلد ہمارے اتحاد میں شمولیت اختیار کر لیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق چلنا پڑے گا ۔ آگے بڑھنے کے لیے احتیاط سے ہماری پیش قدمی جاری ہے ، عید کے بعد بڑا جلسہ کریں گے ۔
یہ بھی پڑھیں: صارفین بھیجے گئے میسجز کو اب ایڈیٹ کر سکیں گے
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جنر ل انتخابات سے قبل جو کچھ ہوا س کے باوجود لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دئیے ۔ ہمیں ہرانے کے لیے الیکشن میں فارم 45 کے نتائج کو فارم 47 میں بد لا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری سے اُسی صورت میں ہماری بات ہو گی جب وہ ہمارا مینڈیٹ تسلیم کریں گے اور چوری کیا ہو مینڈیٹ واپس کریںگے ورنہ ان سے کسی بھی صورت میں بات چیت کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ اسد قیصر نے کہا کہ عدلیہ کےخلاف جو مہم چلائی گئی ہے وہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے، ہمارے 5 نکات میں آزاد عدلیہ، سویلین بالادستی اور مضبوط پارلیمنٹ شامل ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی چیئرمین کو غیر قانونی طور پر قید کیا گیا پے سائفر کیس کا فیصلہ آگیا، ابھی عدت کا کیس دیکھو۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ ہم اُن کے ساتھ ہیں، ہم چاہتے ہیں، قیادت کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھا جائے۔ اسد قیصر نے کہا کہ چاہتے ہیں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہو، جو بھی کریں گے اسی کے اندر رہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو انگیج کریں ۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چین میں وزیراعظم شہباز شریف کا جس طرح استقبال کیا گیا، اس پرافسوس ہے، وہاں ایک شہر کے ڈپٹی میئر نے ویلکم کیا۔ ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کسی سے انتقام نہیں لے گی جس نے ملک کو لوٹا اس کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو چاہیے۔