ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد امریکا کو شکست دیدی۔ امریکا کی شکست سے پاکستان کو بھی بڑا فائدہ ہو گیااور امریکی ٹیم کا رکن ریٹ گر گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر صورتحال یہ ہے کہ گروپ اے میں بھارت کا پہلا نمبر جبکہ 4 پوائنٹس کے ساتھ امریکا کا دوسرا نمبر ہے، پاکستان 2 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ تاہم پاکستان کا نیٹ رن ریٹ امریکا سے بہتر ہو گیا ہے۔ اس وقت امریکا کا نیٹ رن ریٹ صفر عشاریہ 13 جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ صفر عشاریہ 19 ہے۔ یوں اب اگر امریکا آئرلینڈ سے کسی بھی مارجن سے شکست کھا جائے، تو اس صورت میں پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے آئرلینڈ کیخلاف صرف فتح درکار ہو گی۔
تاہم اگر امریکا اور آئرلینڈ کے میچ میں بارش ہوجاتی ہے تو پاکستان کاسفر رواں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ختتام پذیر ہوجائیگا ۔یاد رہے کہ پاکستان کو پہلے میچ میں امریکا نے اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا اور دوسرے میچ میں پاکستان انڈیا کیخلاف آسان ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہا۔ پاکستانی ٹیم اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہے اور شائقین کرکٹ امریکا کیخلاف شکست اور بھارت کیخلاف انتہائی آسان ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں۔