خیبرپختونخوا میں پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے طوفانی بارشوں اور گلیشئیر پھٹنے کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے چترال ،دیر اور کوہستان میں گلیشئرپگھلنے سے سیلاب کا انتباہ بھی جاری کردیا ہے جبکہ صوبے میں کئی مقامات پر بارش سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہےکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں درجہ حرارت مزید بڑھنے سے گلیشیئر پھٹنے کے پیش نظر چترال اپر اور لوئر ،کوہستان اپر، دیر اپر اور سوات کے بالائی علاقوں میں گلیشیر پگھلنے سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے 6 جولائی سے 8 جولائی تک طوفانی بارشوں کا الرٹ بھی جاری کر دیاہے۔
جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف مقامات پر بارش اور بوندا باندی سے پارا جو اوپر ہی اوپر جارہا تھا نیچے آنا شروع ہوا۔ پشاور میں درجہ حرارت میں 6 درجے کمی سے سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ پر گر گیا ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت جو کہ 45 تک پہنچ گیا تھا میں چار ڈگری کمی سے درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی تک آ گیا ہے۔اب تک بالاکوٹ میں بائیس ،دوروش چترال میں دس ،مالم جبہ اور تخت بھائی میں چھ، چھ اور تیمرگرہ اور باجوڑ میں تین ،تین ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
آئندہ24 گھنٹے میں صوبے کے زیاد تر علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے ساتھ شہروں میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔