ڈسٹرکٹ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران کیپٹن اسامہ شہید جبکہ 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ دوران آپریشن سامنے سے جوانوں کو لیڈ کرتے ہوئے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے جام شہادت نوش کیا ۔علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
شہید کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کی عمر 24 سال اور تعلق راولپنڈی سے ہے ۔انہوں نے اکتوبر 2020 میں پاکستان آرمی کی این ایل ائی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیااور 4 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا۔ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کے سوگواران میں والد، والدہ، ایک بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں۔