کراچی شہر کے مسائل کہ حل کے حوالے سے سندھ حکومت کا وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام منتعلقہ محکموں کو مسائل کے حل کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
کراچی کے مسائل کے حل کے حوالے سے صوبائی حکومت کےاجلاس میں صوبائی وزراء، ناصر شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، میونسپل کمشنر افضل زیدی اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو ہدایت جاری کی کہ شہر کی 6 اسکیمیں جلد شروع کی جائیں، اور ایف بی ایریا میں شاداب فٹبال گراؤنڈ، شادمان ٹاؤن میں پارک اور آئی ٹی سینٹر قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ میں اسٹیڈیم کی بحالی، میمن گوٹھ میں سڑک کی مرمت، شہر کی یونین کونسلز میں کمیونٹی سینٹرز قائم کئے جائیں اور ملیر میں بھی کمیونٹی سینٹر کا قائم کیا جائے۔میئر کراچی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ آپ کی ہدایت پر ان 6 اسکیموں کے ڈزائن بنائے جارہے ہیں جس پر وزیر اعلی سندھ نے ہدایات جاری کی کہ ڈیزائن مکمل ہونے کے ساتھ ہی اسکیموں پر کام شروع کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سندھ نے محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹیکس کے لیے 10 کروڑ روپے کا خفیہ فنڈ مقرر کردیا
وزیر اعلی نے کراچی میں پراپرٹی ٹیکس کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایات دی جس پر وزیر بلدیات سعید غنی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سروے کا کام شروع ہونے والا ہے، اور ورلڈ بینک سے بولی (بڈز) کی تشخیص کی رپورٹ شیئر کی ہے اورجیسے ہی ورلڈ بینک نے رپورٹ کی منظوری دی پراپرٹی سروے کا کام شروع ہوجائے گا۔ وزیرا علی نے ہدایات جاری کی کہ کراچی کے ٹاؤنز میں ترقیاتی کاموں کو شروع کروائیں اور جہاں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سڑکیں ہیں وہ کے ایم سی بنائے جائیں اور ٹاؤنز کی سڑکیں، نالیاں یا اسٹریٹ لائیٹس متعلقہ ٹاؤنز بنائیں انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز کے لئے کلک پروجیکٹ کے تحت ملین روپے مختص کیے ہیں۔کراچی بھر میں 10430 ملین روپے کے ترقیاتی کام تیزی سے شروع کروائے جائیں، وزیر اعلی نے محکمہ بلدیات کو ہدایات جاری کی کہ ٹاؤنز اپنے علاقوں کی صفائی ستھرائی، نکاسی آب کا نظام اور فوٹ پاتھ کی مرمت کروائیں۔