محکمہ موسمیات نے 26 ستمبر سے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں بھی جمعرات سے ہفتے تک میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ اور گردونواح میں بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے اور اس وقت مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔عوام کو بارش اور موسم کی تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔