وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پشاور موٹر وے سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگئے۔
موٹر وے ٹول پلازہ پر تحریک انصاف کے ہزاروں کارکن موجود ہیںجو قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور اس قافلے کی قیادت کر رہے ہیں، جس میں پشاور اور نواحی علاقوں کے کارکن گاڑیوں میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا احتجاج؛ اسلام آباد میں فوج طلب، موبائل سروس معطل
چارسدہ، مردان، سوات اور ہزارہ کے کارکن بھی موٹروے پر اس قافلے میں شامل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور صوابی انٹرچینج پر کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مصروف عمل ہے اور شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں۔امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کوسفر کرتے ہوئے راستوں کی بندش کی وجہ سے ٹریفک ایڈوائزری کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے شہری اسلام آباد پولیس ایف ایم 92.4 اور پکار 15 سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔