اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی سخت ہے اور اسلام آباد کی جانب آنیوالے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے۔
شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری کو بھی دارالحکومت میں تعینات کیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی آج صبح سے سیکیورٹی کی نگرانی کر رہے ہیں اور جگہ جگہ جاکر خود حالات کا معائنہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔
آئی جی اسلام آباد کا پولیس اہلکاروں سے کہنا تھا کہ ہم کسی صورت شرانگیزوں کو ان کے مقصدمیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور آج ہمارا سلوگن ہوگا’No Talk Just Action‘اور ہمیں اپنے لوگوں کو ہر صورت تحفظ کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی واضح کر دی
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مصروف عمل ہے اور شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں۔امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کوسفر کرتے ہوئے راستوں کی بندش کی وجہ سے ٹریفک ایڈوائزری کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے شہری اسلام آباد پولیس ایف ایم 92.4 اور پکار 15 سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پکار 15 پر اطلاع دینے کی درخواست کی گئی ہے۔