پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج لاہور کے مینار پاکستان پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر حکومت نے مظاہرے کو ناکام بنانے کے لیے مکمل تیاریاں کر لی ہیں، جن میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بندش، دفعہ 144 کا نفاذ، اور بھاری نفری کی تعیناتی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا احتجاج آج دوپہر 2 بجے ہوگا، جس کی قیادت پنجاب کے صدر حماد اظہر اور لاہور کے صدر شیخ امتیاز کریں گے۔ احتجاج کی تیاری کے سلسلے میں حکومت نے شہر کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں۔ پولیس ناکوں پر محدود تعداد میں گاڑیوں کو شہر میں داخلے اور باہر نکلنے کی اجازت دے رہی ہے۔ موٹروے کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے، اور ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو، اور محمود بوٹی انٹرچینج پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی موجود ہوں گے، جبکہ انتظامیہ نے مینار پاکستان کے گرد بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے ہیں۔ شہر میں آج 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت روپوش ہو چکی ہے۔ اب تک شہر بھر سے 600 کارکنان گرفتار ہو چکے ہیں۔
آج مینار پاکستان پر بانی تحریک انصاف کی سالگرہ کے موقع پر جلسے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جس کے لیے پولیس نے آزادی فلائی اوور پر کیمپ لگایا ہے اور داتا دربار کے قریب روڈ بلاک کرنے کے لیے کنٹینرز بھی پہنچا دیے ہیں۔ تاہم، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ابھی تک این او سی جاری نہیں کیا گیا۔