چین کے وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا اسلام آباد میں رکن ملکوں کی جانب سے آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ چین کے وزیراعظم لی چیانگ اپنے وفد کے ہمراہ چارروزہ دورے پر نورخان ائیربیس پر پہنچے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و خارجہ وزیر اسحاق ڈار، وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلی حکام نے چینی وزیراعظم کا استقبال کیا۔ بچوں نے بھی گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا۔ دوست ملک چین کے وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف انر بھی پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم کی صدر پاکستان اصف علی زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کے علاوہ بزنس کمیونٹی سے ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔ جبکہ چینی مہمان گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی آج متوقع ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاک چین وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے سطح پرمزاکرات کا بھی امکان کیا جارہاہے۔ پاک چین وزرائے اعظم کے درمیان وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ہونے والے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت ہوگی۔
اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے درمیان اہم منصوبے سی پیک کے اگلے مرحلے کے جاری منصوبوں پرپیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔ پاکستان اور چین کے درمیان 16 تجارتی، سرمایہ کاری معاہدوں کیساتھ مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے علاوہ قراقرم ہائی وے کی تعمیر کیلئے 2 ارب ڈالرز کے قرض معاہدہ بھی زیرغور ہے۔ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی بات چیت کی جائینگی۔
چینی وزیراعظم 16 اکتوبرکو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے ایس سی او اجلاس 15 اور 16 اکتوبرکو منعقد کیا جارہی ہے جس میں 10ممالک کے سربراہان شرکت کررہے ہیں جس میں روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن، ایران کے اول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی خارجہ وزیر جے شنکر قابل ذکر ہے۔ اس کے علاوہ منگولیا بطور مبصر اور ترکمنستان خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کررہے ہیں۔